ملازمت کے لیے دی گئی انوکھی سی وی

418

ملازمت کےلیے سی وی یعنی کوائف نامہ بنانا ہمیشہ ہی ایک چیلنج ہوتا ہے اور ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے کہ کاغذات کے ڈھیر میں اس کا سی وی سب سے زیادہ توجہ حاصل کرسکے۔ اسی لیے ایک برطانوی فنکار نے کھلونے کی طرز پر اپنا سی وی بنایا۔

ملازمت فراہم کرنے والے اداروں اور کمپنیوں کے لیے سینکڑوں ہزاروں سی وی کو پڑھنا اور ان میں سے بہترین کا انتخاب کرنا ایک دردِ سر ہوتا ہے۔ اس تناظر میں نت نئے تخلیقی انداز میں سی وی فراہم کرنے کی ایک دوڑ شروع ہوگئی ہے۔

اس ضمن میں یونیورسٹی آف ساؤتھ ویلز کے گریجویٹ نے ایک انوکھے انداز میں سی وی تیار کیا ہے۔ انہوں نے لیگو کھلونے کا ایک چھوٹا سا پُتلا بنایا ہے اور اسے کارڈ بورڈ پر رکھ کر کارڈ کے دونوں اطراف اپنی تفصیلات پرنٹ کی ہیں۔ یہ کھلونا ان سے ملتا جلتا ہے۔

اس طرح صرف کھلونے اور اس کی پیکنگ دیکھ کر چند منٹ میں ان کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ مہارت کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔ یہ دلچسپ سی وی سوشل میڈی پر بھی بے حد مقبول ہورہا ہے۔