پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر آتی ہے

272

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ ادارہ ترقیات حیدرآباد نے شہر میں بیوٹیفکیشن اور شہریوں کو نکاسی و فراہمی آب کے معاملات میں بہتر سے بہتر سروس فراہم کی ہے، صوبائی حکومت کی اولین کوشش ہے کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور حکومت کے اسی وژن کے تحت ایچ ڈی اے کے ڈی جی سمیت دیگر انتظامیہ عوام کو سہولیات کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں شجر کاری سمیت بیوٹیفکیشن کے کاموں کے بعد شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے، اسی طرح سرمست ہاؤسنگ اسکیم کی ٹرانسپرنسی کو برقرار رکھنے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت نادرا سے لنک کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مون سون کی بارشوں کے حوالے سے بھی فلٹر پلانٹ کا دورہ کررہے ہیں تاکہ شہر میں پانی کو جمع نہ ہونے دیا جائے اور زندگی معمول کے مطابق رواں دواں رہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر آتی ہے اور اس کی اولین کوشش ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ عوام کے مسائل حل کریں۔ شہریوں کی سہولیات کے لیے نئے فلٹر پلانٹ بھی بنائے جارہے ہیں اس کے علاوہ سرمست اور کوہسار زون کی دیگر اسکیموں پر پانی پہنچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔