شام: بشارالاسد نے چوتھی مرتبہ صدر کے منصب کا حلف اٹھا لیا

121

دمشق (آن لائن) خانہ جنگی کے شکار ملک شام کے صدر بشارالاسدنے چوتھی مدت کیلیے اپنے منصب کا حلف اٹھا لیا۔ انہوں نے ایسے وقت میں حلف اٹھایا ہے جب ان کے ملک کی معاشی مشکلات شدید سے شدید تر ہو رہی ہیں۔ صدارتی انتخابات کا انعقاد رواں برس مئی میں ہوا تھا، بشارالاسد بھاری اکثریت (95 فیصد سے زائد ووٹ) لے کر ایک مرتبہ پھر صدر منتخب ہوئے تھے۔ حلف برداری کی تقریب دمشق میں واقع صدارتی محل میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں حکومت نواز سیاسی عمائدین، مذہبی اکابرین، اراکینِ پارلیمان، فوجی افسران اور اعلیٰ سرکاری ملازمین نے شرکت کی۔ امریکا سمیت مغربی اقوام اور شام کی اپوزیشن تنظیموں کے تمام دھڑوں نے صدارتی انتخابی عمل کو غیر قانونی اور فراڈ قرار دیا تھا، مغربی ممالک اس انتخابی عمل کو اقوام متحدہ کی منطور شدہ قراردادوں کے منافی خیال کرتے ہیں اور یہ قراردادیں شامی تنازعے کے حل سے متعلق ہیں۔