ریلوے کا جسارت کی خبر پر عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

84

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ ریلوے نے جسارت کی خبر پر عیدالاضحی پر اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ بدلتے ہوئے 2 ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کرلیا، عید کے موقع پر کراچی اور راولپنڈی سے عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ عید اسپیشل ٹرینیں نہ چلانے کی وجہ سے ہزاروں مسافر شدید پریشانی کا شکار ہوگئے تھے، تاہم 16 جولائی(جمعہ) کو جسارت میں شائع ہونے والی خبر ہزاروں مسافروں کی آواز بنی ہے اور پاکستان ریلوے عید پر ٹرینوں میں اضافی کوچز لگا رہا ہے تاہم ریلوے کے پاس مسافر کوچز کی کمی کی وجہ سے کراچی سے صرف ایک عید اسپیشل ٹرین چلائی جائے گی اور صرف اکانومی کلاس کی کوچز دستیاب ہوںگی، ٹرین کراچی سٹی اسٹیشن سے 19 جولائی کو دوپہر 1 بجے روانہ ہوکر کراچی کینٹ، حیدرآباد، روہڑی، رحیم یار خان، خانپور، بہاولپور، خانیوال، فیصل آباد، سانگلہ ہل، وزیرآباد اور لالہ موسی اسٹاپ کرتی ہوئی اگلے روز دوپہر 2 بجکر 35 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی جبکہ دوسری ٹرین راولپنڈی سے 24 جولائی کو دن 11 بجے روانہ ہوکر اسی روٹ سے ہوتی ہوئی اگلی دوپہر 1 بجکر 30 منٹ پر کراچی سٹی اسٹیشن پہنچے گی۔