بیلجئم میں 10,000 انڈوں سے بنا آملیٹ منٹوں میں چٹ

433

بیلجییئم کے ایک چھوٹے سے شہر میں رضاکاروں نے 10 ہزار انڈوں پر مشتمل آملیٹ تیار کیا جسے ہزاروں افراد نے چند مںٹوں میں کھا کر ختم کر دیا۔

میلمڈے شہر میں درجنوں رضاکاروں نے ہزاروں انڈوں کو پھینٹا اور اس میں سبز پیاز ڈال کر اسے ایک بڑی کڑاہی میں ڈال کر مزیدار آملیٹ تیار کر کے ہزاروں افراد کے سامنے پیش کیا۔ آملیٹ کی تیاری کا مقصد ان رپورٹس کو رد کرنا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بعض ادویات سے یورپی انڈے آلودہ ہو رہے ہیں اور انہیں کھانا صحت کے لیے مضر ہے۔

بعض غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق یورپی ممالک میں انڈے اور پولٹری حشرات کش ادویہ سے آلودہ ہو چکے ہیں جس سے انڈوں کے کاروبار کو شدید دھچکا پہنچا ہے تاہم اب تک کسی کے بھی بیمار ہونے کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ اس کے باوجود ڈنمارک اور خود بیلجئم میں بھی پولٹری فارمز پر تحقیقات جاری ہیں۔

گزشتہ ماہ یورپی یونین سیفٹی الرٹ سسٹم نے بیلجئم کو بھی اس خطرے سے آگاہ کیا تھا کہ فپرونل نامی ایک دوا انڈوں اور پولٹری مصنوعات کو آلودہ کر رہی ہے۔ اس کے بعد ہالینڈ اور جرمنی میں بھی یہ تحقیقات شروع ہو گئی تھی۔

بعض ممالک کے انڈوں میں اس زہریلی ادویہ کے بعض آثار بھی نوٹ کئے گئے ہیں۔ اس کے بعد صرف ہالینڈ میں ہی 150 سے زائد پولٹری فارم بند کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا تھا جب کہ فرانس میں ہزاروں کی تعداد میں انڈے تلف بھی کر دیئے گئے تھے۔