روس میں طیارہ چٹان سے ٹکرا گیا‘ 28 افراد ہلاک

181
روس: چٹان پر حادثے کے آثار دکھائی دے رہے ہیں‘ چھوٹی تصویر تباہ ہونے والے طیارے کی ہے

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس کے مشرق میں واقع جزیرے نما کمچاتکا میں مسافر طیارہ تباہ ہونے کے باعث اس میں سوار تمام 28افراد ہلاک ہوگئے۔ ہنگامی حالات سے متعلق وزارت نے اپنے بیان میں بتایا کہ اے این26 قسم کے طیارے میں 22 مسافر اور عملے کے 6افراد سوار تھے۔ واقعے کے فوراً بعد تلاش شروع کردی گئی اور پلانا نامی گاؤں سے 4 کلو میٹر دوملبہ تلاش کرلیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ نا مساعد موسمی حالات کے دوران پیش آیا اور ممکنہ طور پر پائلٹ کی غلطی بھی ہلاکتوں کا باعث بنی۔ دوران پرواز طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیاتھا۔ حادثے کے وقت طیارہ لینڈنگ کی تیاری کر رہا تھا۔ طیارے کے لاپتا ہونے کے بعد امدادی ٹیموں نے 2ہیلی کاپٹروں کی مدد سے علاقے میں طیارے کی تلاش شروع کی تھی۔ حکام کا کہنا تھا کہ علاقے کا موسم ٹھیک نہیں تھا اور ہوا پرواز کے لیے موزوں نہیں تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل روس میں طیارے کا حادثہ مئی 2019 ء میں ہوا تھا جس میں طیارے کے رن وے پر اترتے ہیں آگ لگ گئی تھی اور حادثے میں 41 افراد ہلاک ہوئے تھے۔دوسری جانب ترکی نے حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔