تیل کی پیداوار پر سعودی عرب اور امارات میں تنازع

127

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے رواں برس تیل نکالنے کا کوٹا بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے تیل نکالنے والے بڑے ممالک کی تنظیم اوپیک کی جانب سے 2022ء کے اختتام تک تیل کی پیداوار کم رکھنے کے منصوبے کی مخالفت کر دی۔ اوپیک ممالک نے جمعہ کو رواں برس دسمبر تک تیل کی یومیہ پیداوار20 لاکھ بیرل تک بڑھانے کی تجویز دی تھی، جب کہ آیندہ برس کے اختتام تک تیل کی پیداوار کم رکھنے کا منصوبہ تھا، جس کی امارات نے مخالفت کی ہے۔ اماراتی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق اماراتی وزارتِ توانائی نے امارات کا کوٹا بڑھائے بغیر معاہدے میں توسیع کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔ دوسری جانب سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے زور دیا ہے کہ اوپیک پلس کے اجلاس کو کامیاب بنانے کے لیے سمجھ داری سے کام لیا جائے۔ انہوں نے یہ بات ایک انٹرویو میں کہی۔ سعودی وزیر نے زور دے کر کہا کہ مدت میں توسیع معاہدے کی بنیاد ہے، یہ اس کا کوئی حصہ نہیں۔ ان کا اشارہ بقیہ رعایتوں کو 2022ء کے اختتام تک لے جانے کی طرف تھا۔ شہزادہ عبدالعزیز نے کہا کہ منڈی کی صورت حال کے ساتھ تعامل کے اقدامات کرنے میں توازن کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔