حلیم عادل کو گرفتار نہ کرنے پر سعید غنی چیئرمین نیب پر برس پڑے

210

کراچی: حلیم عادل شیخ کو گرفتار نہ کرنے پر سعید غنی چیئرمین نیب پر برس پڑے۔

میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ نیب نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے، پریس ریلیز سے تاثر ملا کہ میں توہین نیب کا مرتکب ہوا ہوں، چیلنج کرتا ہوں مجھے نوٹس بھیجیں، ان کے منہ پر ان کے کرتوت بتاؤں گا۔

سعید غنی نے کہا کہ حکومت کی طرح نیب نالائق اور نااہل ہے، 31 اے سب سے پہلے چیئرمین نیب پر لگنا چاہیے، چیئرمین نیب حکومتی ایما پر کام کرتے ہیں، چیئرمین نیب حکومت کے ہاتھوں بلیک میل ہو رہے ہیں، قانون کا غلط استعمال سب سے زیادہ چیئرمین نیب کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ نیب کو حکومت کے اشاروں پر استعمال کیا جا رہا ہے، آپ غلط آدمی سے پنگا لے رہے ہیں، نیب کے افسران قبضے میں لی گئی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ میں کہہ رہا ہوں حلیم عادل کو گرفتار کریں، پوری نیب اچھل پڑی، توقع نہیں تھی حلیم عادل کی گرفتاری کے مطالبے پر نیب کو تکلیف ہوگی، حلیم عادل شیخ پر قبضے کے الزامات درست ہیں، نیب کی وجہ سے بےشمار لوگوں نے خودکشیاں کیں۔

انہوں نے کہا کہ حلیم عادل کی گرفتاری کے مطالبے پر مروڑ چیئرمین نیب کو اٹھ رہے ہیں، چیئرمین نیب کہہ دیں حلیم عادل شیخ کو گرفتار نہیں کریں گے، نیب نے جن گھروں کو غیرقانونی کہا وہ کون استعمال کر رہا ہے؟ نیب اس ملک کے معزز لوگوں کیساتھ زیادتی کر رہی ہے۔