کینیڈا : گرمی کی لہر مشرقی سمت گامزن ، ہلاکتیں ، 486 ہوگئیں

212
کینیڈا: شدید گرمی کے باعث جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی ہے‘ پولیس اہل کار زمین پر گرجانے والے شہری کو پانی پلا رہا ہے

اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک) کینیڈا میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 486 ہوگئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں صرف 5روز کے دوران 486 اموات ہوئی ہیں ، جو کہ اس عرصے کے دوران معمول سے 195 فیصد زیادہ شرح ہے۔ برٹش کولمبیا کی انتظامی سربراہ چیف کورونر لیزا لاپونٹے کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں زیادہ تر وہ ہیں جو گھروں میں اکیلے رہتے ہیں اور وہاں ہوا کی آمدورفت کا معقول انتظام نہیں تھا۔ بد ھ کے روز صوبے برٹش کولمبیا کے قصبے لٹن کے جنگل میں آگ بھڑک اٹھی تھی،جس کے بعد قریبی علاقوں کو خالی کروا لیا گیا تھا،جس کے بعد وینکور سے 155 میل شمال میں واقعے ایک چھوٹے سے قصبے لٹن میں درجہ حرارت 49.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔وہاں کے میئر جان پولڈرمین نے اپنے بیان میں بتایا کہ ایک چنگاری نے ہرطرف آگ پھیلادی اور 15منٹ میں جنگل آگ کی لپیٹ میں آگیا۔ وینکوور کے شمال مشرق میں تقریباً 260 کلومیٹر دور ایک گاؤں کو دھوئیں اور آگ کے شعلوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ،جس کے بعد وہاں کے رہایشی اپنا سازو سامان چھوڑ کر وہاں سے نکل گئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شمال مغربی امریکا اور کینیڈا میں گرمی کی لہر کی وجہ آرکٹک خطے کی گرم ہوائیں ہیں۔ ساحلی علاقوں میں گرمی کی شدت میں قدرے کمی آئی ہے ، لیکن میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔ کینیڈا کے محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کا انتباہ جاری کیا ہے اور اب ہیٹ ویو کا یہ نظام مشرق کی جانب کینیڈا کے البرٹا اور سسکاچوان صوبے اور مانبٹوٹا کے علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ حکام نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ دن کے اوقات میں زیادہ تر گھروں میں رہیں اور کمروںکو ٹھنڈا رکھنا انتظام ضرور کریں۔