اینٹی وائرس سافٹ ویئر کے بانی کی مبینہ خودکشی

351

اینٹی وائرس سافٹ ویئر کے بانی جان میکافی نے اسیری کے دوران مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق  اینٹی وائرس سافٹ ویئر کے بانی 75 سالہ جان میکافی بارسلونا کے ایک جیل میں اپنی کوٹھری میں مردہ پائے گئے ہیں اور امکان یہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہوں نے خودکشی کی ہے۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے میکافی کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی تاہم وہ موت کے منہ میں جا چکے تھے۔

کاتالونیا کے محکمہ انصاف کے مطابق دستیاب شواہد ان کی خودکشی کی جانب اشارے کرتے ہیں۔

کمپیوٹر سسٹم میں اینٹی وائرس ایجاد کرنے والے جان میکافی کو  گزشتہ سال اکتوبر میں اسپین پولیس گرفتار نے کیا تھا.

جان میکافی کو ٹیکس چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ میکافی پر 2014 سے 2018 تک ٹیکس ریٹرنز جمع نہ کرانے کا الزام تھا جب کہ  اثاثے چھپانے کا بھی الزام تھا۔ میکافی نے اپنی آمدنی دوسروں کے نام پر اکاؤنٹس میں جمع کی۔

گزشتہ روز ہی بارسلونا کی عدالت نے ٹیکس چوری کے الزامات کا جواب دینے کے لیے میکافی کو امریکا کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس پر میکافی نے کہا تھا کہ ان کے خلاف مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں اگر امریکا کے حوالے کیا گیاتو ساری زندگی ان کی جیل میں گزرے گی۔