کورونا سے مزید 37 اموات،امریکی کمپنی سے ویکسین کا معاہدہ ،چین سے مزید خوراکیں پہنچ گئیں

150

اسلام آباد/ کراچی (خبر ایجنسیاں/ اسٹاف رپورٹر) ملک میںکورونا سے مزید37 اموات ہوئیں جبکہ حکومت نے امریکی کمپنی سے ویکسین کی خریداری کا معاہدہ کرلیا‘ چین سے مزید خوراکیں ہنگامی بنیاد پر پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے سبب 23 گھنٹے کے دوران مزید37 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار977 تک پہنچ گئی ہے‘مزید1050 افراد وبا میں مبتلا ہوئے‘41 ہزار 65 کورونا ٹیسٹ کیے گئے‘ مثبت کیسز کی شرح 2.55 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 14 مریض انتقال کرگئے جبکہ 595 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور231 افراد صحتیاب ہوئے ‘ اس وقت 19598 مریض زیر علاج ہیں‘ 539 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 49 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ 595 نئے کیسز میں سے 377 کا تعلق کراچی سے ہے۔ پنجاب اور سندھ میں قائم خصوصی ویکسی نیشن سینٹرز اور اسپتالوں میں کورونا ویکسین کا ذخیرہ ختم ہو گیا ہے‘ قلت کے باعث دونوں صوبوں میں ویکسی نیشن سینٹر ایک روز کے لیے بند کردیے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے ایکسپو سینٹر میں بیرون ملک جانے والے شہریوں کو ویکسین کے لیے ایک ہفتے بعد آنے کی ہدایات دی گئی۔ دوسری جانب این سی او سی کے سربراہ، وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 2 دنوں سے ملک کے بڑے ویکسی نیشن سینٹرز میں ویکسین کی قلت کی خبریں آ رہی ہیں‘ اگلے10روز میں ملک میں مزید 50 لاکھ کورونا ویکسین کی خوراکیں پہنچ جائیں ‘12سے 18جون کے دوران ملک بھر میں 23 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائی گئی‘ اس طرح یومیہ 3 لاکھ 32 ہزار سے زاید افراد کی ویکسی نیشن کی گئی‘اگلے ہفتے پاکستان میں کورونا ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہوگا۔حکومت پاکستان اور امریکی کمپنی’ فائزر بائیو این ٹیک‘ کے درمیان ایم آر این اے ویکسین فراہمی کا معاہدہ طے پا گیا۔امریکی فارماسیوٹیکل کمپنی اس سال پاکستان کوویکسین کی ایک کروڑ30 لاکھ ڈوز فراہم کرے گی۔ وفاقی حکام نے بتایا کہ پاکستان اس سال روسی ویکسین اسپوتنک کی بھی ایک کروڑ ڈوزز خریدے گا‘ روسی ویکسین کی پہلی کھیپ جون کے آخری یا جولائی کے پہلے ہفتے میں پاکستان پہنچ جائے گی۔ملک میں کورونا ویکسین کی کمی کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے حکومت پاکستان کی ہدایت پر پی آئی اے کی خصوصی پرواز چین سے15 لاکھ 50 ہزار سائنو ویک ویکسین لے کر اسلام آباد پہنچ گئی۔ امریکی حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے یو ایس ایڈ کے توسط سے ہنگامی طبی حفاظتی سامان کی تازہ کھیپ پاکستان کے حوالے کردی۔ جس میں طبی عملے کی حفاظت کے لیے درکار10 لاکھ سے زاید تعداد میں ضروری سامان شامل ہے۔ اس موقع پر یو ایس ایڈ پاکستان کی مشن ڈائریکٹر جولی کوئنین نے کہا کہ یہ موقع امریکی حکومت کے لیے خوشی کا باعث ہے کہ وہ پاکستان میں کووڈ سے بر سرِ پیکار صفِ اول کے کارکنوں کے تحفظ کے لیے مدد فراہم کر رہا ہے۔