پولیس اہلکار ڈیوٹی پر سالے کو بھیج کر خود مزے کرتا رہا

464

اترپردیش: مرادآباد میں تعینات کانسٹیبل انل کمار ڈیوٹٰی پر اپنی جگہ اپنے سالے کو گھریلو پولیس ٹریننگ دے کر بھیجتا رہا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئے نئے بھرتی ہوئے کانسٹیبل انل کمار کیخلاف نامعلوم شخص نے پولیس کو اطلاع دی جس پر انل کمار کو فوراً حراست میں لے لیا  گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ جاری ہے جبکہ اُس کا سالہ مفرور ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق انل کمار نے 2012 میں گورکھپور میں پولیس میں بھرتی ہونے کی درخوست دی تھی جہاں وہ منتخب ہوگیا۔ ٹریننگ پوری کرکے انل کمار نے عہدے اور پیشے سے متعلق رازداری کا حلف اٹھایا۔ تاہم کچھ ہی عرصے بعد انل کا تبادلہ مراد باد ہو گیا۔

انل کمار نے مرادآباد میں پہلے ہی سے رہائش پذیر اپنے سگے سالے انل سونی کو بلایا اور سابق آفس سے جاری کردہ اپنے ٹرانسفر کے حکم نامہ کی ایک کاپی لی اور اس پر جعل سازی کرکے اپنے سالے کا نام درج کیا اور یہ کاپی مراد آباد کے پولیس افسران کے سامنے پیش کردی اور اس وقت پولیس افسر نے انل کمار کی فوٹو پر بھی زیادہ دھیان نہیں دیا۔ جس کے بعد انل کمار کی جگہ انل سونی ڈیوٹی کرنے لگا۔

انل کمار نے سالے کو اپنی جگہ ڈیوٹی پر بھیجنے سے پہلے اُسے ہتھیار چلانے سے لیکر سیلوٹ کرنے تک تمام پولیس کی ٹریننگ اپنی بہن کے گھر پر ہی دے دی تھی۔

ڈیوٹی کے دوران انل سونی کو سرکاری اسلحہ بھی جاری کیا گیا جس میں پستول، کاربائن، ایس ایل آر تک دی گئی۔ مرادآباد کے پولیس افسران انل کمار سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ افسران کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر محکمہ کے کسی پولیس اہلکار نے بھی انل کمار کا اس سازش میں ساتھ دیا ہے تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔