تبدیلی کے دور میں 3 کروڑ افراد بیروزگار ہوئے‘ جاوید قصوری

287

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ کے فوراً بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔حکومت نے حقیقی معنوں میں عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں جرائم کی وارداتوں میں خوفناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ حکومت کی ناک کے نیچے جرائم پیشہ عناصر دندناتے پھرتے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ پورا ملک مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ تاریخ کی ناکام ترین حکومت صوبے میں بر سر اقتدار ہے جس کی کو ئی رٹ ہی نظر نہیں آتی۔ پنجاب میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ تبدیلی کا جھوٹا نعرہ لگانے والوں نے 3 کروڑ سے زائد افراد کو بے روزگار کردیا ہے اور نوبت یہاں تک آ گئی ہے کہ اب تبدیلی سرکار ہی کو تبدیل کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔