بدترین لوڈشیڈنگ کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے ،شاہد رشید بٹ

238

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)تاجر رہنما اور اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ موسم گرما میں ملک بھر میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے ایک بار پھر متعلقہ حکام کی نالائقی کو عیاں کر دیا ہے۔جو ملک ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کر رہا ہوں اس میں ایسی بدترین لوڈ شیڈنگ نا اہلی نالائقی اور بد انتظامی کا نتیجہ ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔ شاہد رشید بٹ نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لود شیڈنگ کی وجہ سے عوام بلک رہے ہیں جبکہ متعلقہ افسران و اہلکاروں کی چاندی ہو گئی ہے جو حیلے بہانوں سے عوام کو لوٹ رہے ہیں اور وفاقی دارلحکومت بھی ان کے شر سے محفوظ نہیں ہے۔متعلقہ حکام بجلی کے بحران کی وجوہات میں تربیلا ڈیم میں میں مشینری کی مرمت، قومی گرڈ سے پانچ سو پچاس میگا واٹ بجلی کی کے الیکٹرک کو فراہمی، ایل این جی سے بجلی بنانے میں میں کمی اور ساہیوال کے بجلی گھر کو کوئلے کی فراہمی میں تعطل بتائی کا رہی ہیں مگر مس منیجمنٹ کرپشن اور بجلی چوری کے بارے میں مکمل خاموشی اختیار کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بجلی بحران کی وجوہات بتانے سے عوام کے مصائب میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔ اگر تربیلا ڈیم میںمرمت ضروری تھی تو اس کے لیے موسم گرما کا انتظار کیوں کیا گیا اور مرمت سے قبل متبادل کے طور پر بجلی گھروں کو کوئلے ذخیرہ کرنے کی ہدایت کیوں نہیں کی گئی اور ایل این جی کی درآمد میں غیر ذمہ داری برت کر عوام کو عذاب میں کیوں مبتلاء کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو حکومت میں آئے ہوئے تین سال ہو گئے ہیں مگر ابھی تک پاور سیکٹر کو بہتر بنانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی منہ زور پاور بیوروکریسی کو نکیل ڈالی جا سکی ہے۔اس شعبہ کی باگ ڈور جب تک نا اہل لوگوں کے ہاتھ میں رہے گی اس وقت تک عوام تڑپتے رہیں گے اور گردشی قرضہ تیزی سے بڑھتا رہے گا۔موجودہ حکومت اپنی معیاد کے خاتمہ تک ہر بات کا ملبہ سابق حکومت پر ڈالتی رہے گی اور پاور سیکٹر کو ان کے مقابلہ میں زیادہ مسائل میں چھوڑ کر جائے گی۔