جون کے آخری ہفتے سے مون سون بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

233

کراچی: محکمہ موسمیات نے جون کے آخری ہفتہ سے مون سون بارشیں شروع ہونے کا امکان ظاہر کردیا ہے اور کہا ہے کہ رواں سال بھی معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہوں گی جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اداروں کو مراسلے ارسال کردیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے جون کے آخری ہفتے سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی  کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون کا پہلا اسپیل 27 جون سے 30 جون تک متوقع ہے اور رواں سال بھی معمول سےزیادہ بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  کراچی میں آج دن بھر مطلع ابرآلود رہےگا، دن کےاوقات میں بونداباندی کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک رہےگا اور ہوا 30سے 35 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلےگی۔

یاد رہے اس سے قبل بھی محکمہ موسمیات نے پاکستان میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ مختلف علاقوں میں اس سال معمول سےزیادہ بارشیں متوقع ہے جبکہ مون سون کا سیزن جولائی سےستمبرتک 3 ماہ پرمشتمل ہوتاہے۔

واضح رہے جنوبی وشمالی پنجاب اورسندھ میں معمول سے زائد بارشیں ہونگی، جس کے باعث پنجاب، سندھ، کےپی میں اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں جس کے لئے اداروں کو الرٹ رہنے کا مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔