حسن علی پاکستان سپر لیگ سے دستبردار

428

ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر حسن علی خاندانی مصروفیات کی وجہ سے لیگ کے بقیہ میچز سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر حسن علی نے بائیو ببل چھوڑ کر وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے، حسن علی پی ایس ایل 6 کے باقی میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو دستیاب نہیں ہوں گے، انہوں نے پی ایس ایل سیزن 6 کے ابوظہبی میں جاری لیگ کے دو میچز میں شرکت کی، لاہور اور کوئٹہ کے خلاف میچز میں انہوں نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں تاہم اب وہ اگلے میچز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ کے مطابق حسن علی فیملی مصروفیات کی وجہ سے فوری طور پر وطن واپس جارہے ہیں، اس حوالے سے حسن علی کا کہنا تھاکہ کچھ اہم معاملات کی وجہ سے وہ پی ایس ایل سے دستبردار ہورہے ہیں، کچھ چیزیں کرکٹ سے بڑھ کر ہوتی ہیں اور فیملی سب سے بڑھ کر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے کہ ان کی پوزیشن کو سمجھا اور لیگ سے جانے کی اجازت دی۔

دوسری جانب اسلام آباد اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ کے دوران زخمی ہونے والے بلے باز اندرے رسل کا سی ٹی سکین کلیئر آیا تھا تاہم ڈاکٹرز نے آندرے کی طبیعت کو خطرے سے باہر قرار دیتے ہوئے انہیں مزید آرام کا مشورہ دیا جس کے باعث انہوں نے پشاور زلمی کے خلاف اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کی جس کے بعد اب انہوں نے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے گیند باز موسی خان نے شاٹ پچ گیند کرائی تھی، جس کو رسل کھیلنے میں ناکام رہے اور گیند سیدھی سر پر آکر لگی۔