غزہ جنگ میں اب تک حماس کا پلڑا بھاری ہے، اسرائیلی میڈیا

490

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل اخبار نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی پرحالیہ حملے میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کا پلڑا بھاری ہے،  حماس نے بیت المقدس اور تل ابیب میں بمباری کرکے اسرائیل کے بن گوریان ہوائی اڈے پر ساری پروازیں معطل کروادیں ہیں۔

 اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کرکے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے مگر اس کے باوجود جنگ میں حماس کا پلڑا بھاری ہے۔

اخبار لکھتا ہےکہ حماس نے یکے بعد دیگر کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں، حماس نے بیت المقدس اور تل ابیب میں ایک ہی وقت میں بمباری کرکے اسرائیل کے بن گوریان ہوائی اڈے پر پروازیں معطل کردیں۔

اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا کہ تزویراتی طورپر حماس جو چاہتی تھی اسے حاصل ہوچکا ہے غرب اردن اور القدس میں فلسطینیوں کی نظر میں حماس کی مقبولیت اور بھی بڑھ گئی ۔

رپورٹ کے مطابق حماس نے 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں موجود عرب آبادی کو بھی صہیونی حکومت کے خلاف نفرت پر اکسایا جس کے نتیجے میں فلسطینیوں اور اسرائیلی پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کی جارہی ہے جس میں اب تک تقریباً 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 10 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں۔