پنجاب میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کی ،نہ آئندہ ہوگی،عثمان بزدار

182

لاہور (صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں، جس میں منتخب نمائندوں کے علاقوںمیں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت ، فلاح عامہ کی نئی اسکیموں اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندو ںکے حلقوں کے مسائل کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کے مسائل کو ذاتی سمجھ کر حل کرتاہوں۔میرے دروازے آپ سب کے لیے کھلے ہیں اور عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت حاضر ہوں۔ منتخب نمائندوں کی تجاویز کو پوری اہمیت دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی ہر سطح پر نگرانی کی حکمت عملی بنالی ہے، جس کے خاطرخواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ پنجاب میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہ کی ہے، نہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا غیر فطری اتحاد پی ڈی ایم اپنی موت آپ مر چکا ہے اور اپوزیشن کا آئندہ کی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں۔پی ڈی ایم بند کمرے تک محدود ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی دیانتداری اورپی ٹی آئی حکومت کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی شنیلہ روتھ، اراکین پنجاب اسمبلی احمد خان، رضا حسین بخاری، امین ذوالقرنین، شہباز احمد، طلعت فاطمہ نقوی اور ٹکٹ ہولڈر شوکت بسرا شامل تھے۔