رنگ روڈ منصوبہ ری الائنمنٹ: وزیراعظم اور عثمان بزدار مرکزی مجرم، انہیں گرفتار کیا جائے

305

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے رنگ روڈ منصوبے میں کرپشن کا مرکزی مجرم وزیراعظم عمران خان کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزید انکوائری کی ضرورت نہیں، ثبوت عوام کے سامنے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے رنگ روڈ منصوبے میں بھی چالاکی سے وہی کچھ کیا جو چینی، آٹا سکینڈل سبسڈی میں کیا، یہ تسلسل ہے کہ چوری کے حکم دو، پھر دیہاڑی لگاؤ، افسروں سے کام کراؤ اور پھر ان کو قربانی کا بکرا بناؤ، عمران صاحب نے 4 فروری 2021 کو رنگ روڈ منصوبے میں تبدیلیوں کی خود منظوری دی، پھر خود ہی انکوائری کرائی؟۔

انہوں نے کہا کہ دیہاڑی دار تو دیہاڑی لگا کر چلے جائیں گے، بعد میں سرکاری افسران اور بیوروکریسی پھنس جائے گی، بیورکریسی اور سرکاری افسران ان دیہاڑی داروں کے احکامات نہ مانیں، عمران صاحب اور عثمان بزدار نے رنگ روڈ کی ری الائینٹمنٹ کا حکم دے کر دیہاڑی لگائی اور اب منصوبہ روک کر متنازعہ بنا کر پھر دیہاڑی لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم یہ تسلسل آٹا چینی چوری، گندم چینی کی امپورٹ اور ایکسپورٹ، ایل این جی کی دیہاڑیوں میں بھی دیکھ چکی ہے لگائیں اب عمران صاحب اور عثمان بزدار کو ہتھکڑی لگائیں، کریں طاقتور کے خلاف کارروائی؟۔