مسلم ممالک مسئلہ فلسطین پر اپنا مؤقف واضح کریں: ترکی

492

ترکی نے مسلم ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین اور غزہ پر اسرائیلی حملوں پر واضح مؤقف اختیار کریں۔

ترکی کے نائب صدر فواد اوکتائے نے عید الفطر کی نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اس وقت مسلم ممالک کے حمکرانوں کو چاہیے کہ متحد ہوں اور اس پر واضح مؤقف اپنائیں۔

نائب صدر فواد اوکتائے نے طاقتور ممالک کے حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کے علاوہ کچھ نہیں کر رہے۔ ہم چاہتے ہیں طاقتور ممالک بھی عملی اقدامات اٹھائیں۔

فواد اوکتائے نے کہا کہ اقوام متحدہ میں مسئلہ فلسطین پر کئی فیصلے ہوئے، اسرائیلی حملوں کی مذمت بھی کی گئی لیکن ان سب کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ اس کی وجہ واضح مؤقف نہ اختیار کرنا ہے۔

ترکی کے نائب صدر نے کہا کہ مسلم حکمرانوں پر فرض ہے کہ وہ جلد اقدامات اٹھائیں۔

فواد اوکتائے نے کہا کہ جو غزہ پر واضح مؤقف اختیار نہیں کرتا وہ اسرائیلی حملوں سے ہونے والے جانی نقصان کا ذمہ دار ہے۔ بدقسمتی سے جب ہم مسلم ممالک کی جانب دیکھتے ہیں تو وہاں آپس میں اتحاد نظر نہیں آتا۔