اسلام آباد: 16 مئی سے 30سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کی رجسٹریشن شروع

510

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کیلئے رجسٹریشن کا اگلا مرحلہ 16مئی سے شروع کیا جائے گا جبکہ  وفاقی حکومت نے ویکسین کی فراہمی میں بہتری کے بعد 30سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کی رجسٹریشن بھی اگلے مرحلے میں شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کیلئے رجسٹریشن کا اگلا مرحلہ16مئی سے شروع ہوگا اور رجسٹریشن کے اگلے مرحلے میں30سے39سال تک عمر کے خواتین وحضرات کی رجسٹریشن کی جائے گی۔

وفاقی وزیراسدعمر نے ٹویٹ کیا ہے کہ ملک میں کورونا ویکسین کی سپلائی بہتر ہوئی ہے، پاکستان میں27اپریل سے کورونا ویکسی نیشن کیلئے رجسٹریشن کا آغاز ہوا تھا جبکہ گزشتہ روز اسد عمر نے ٹویٹ کیا کہ 12 مئی سے تمام 40 سے زیادہ عمر والے رجسٹرڈ افراد کسی بھی ویکسی نیشن سینٹر میں جاکر ویکسین لگوا سکیں گے۔

انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی تھی کہ 40 سال سے کم عمر لوگوں میں موت کی شرح دوسری لہر کے دوران بڑھ گئی ہے، اس سے پہلے ، یہ 1 فیصد تھی لیکن اب 1.8 فیصد ہوچکی ہے۔

اسدعمرکے مطابق  ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسی نیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسی نیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔

خیال رہے ویکسی نیشن کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسی نیشن سینٹر قائم کیے جا چکے ہیں۔

آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسی نیشن کی جارہی ہے۔

اسد عمر نے کہا ہے کہ چین کے تعاون سے پاکستان میں کین سائنو فارم کی ویکسین کی تیاری آخری مراحل میں ہے اور مئی کے آخر تک ویکسین استعمال کے لیے دستیاب ہوجائے گی۔