پولیس نظام خواہشات نہیں ضروریات و تقاضوں کے مطابق چلایا جائے گا،ایڈیشنل آئی جی کراچی

246

کراچی(رپورٹ:محمد انور)ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی و کیپٹل سٹی پولیس چیف کراچی عمران یعقوب منہاس نے کہا ہے کہ کراچی کے پولیس نظام کو خواہشات کے مطابق نہیں بلکہ اس کے تقاضوں و ضروریات کے مطابق چلایا جائے گا۔وہ گزشتہ روز کراچی پولیس چیف کا عہدہ سنبھالنے کے 2گھنٹے بعد’’جسارت‘‘سے خصوصی گفتگو کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس چیف کی حیثیت سے ان کی 3بنیادی ترجیحات ہوںگی،ان میں پولیس کے بنیادی کام کو فوکس کیا جائے گا، کوشش کی جائے گی کہ جرائم کے سدباب کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور عام افراد کے لیے پولیس کی بہترین خدمات کو یقینی بنانا ان کی ترجیحات ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو روکنے کے لیے بھی سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ کراچی میں تھانیداروں کی تعیناتی معاشرے کے بااثر عناصر کے دباؤ پر کی جاتی ہے، میں تو موجودہ اسٹیشن ہائوس آفیسرز ( ایس ایچ اوز ) کی مجموعی کارکردگی کو مانیٹر کرکے گہرائی سے جائزہ لوں گا اور انہیں ٹاسک دوں گا،اگر وہ دیے گئے اہداف پر پورے نہیں اتر سکے تو انہیں ہٹاکر دوسرے پولیس افسران کو تعینات کردیا جائے گا۔شہر کے مختلف تھانوں میں خواتین ایس ایچ اوز کی کارکردگی کے سوال پر ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ فی الحال تو میں خواتین ایس ایچ اوز کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کرسکتا لیکن یہ ضرور کہہ سکتا ہوں کہ مہذب معاشرے میں خواتین پولیس افسران کا کردار بہت اہم ہوتا ہے خصوصاً کرائم اگینسٹ ویمن کی روک تھام کے لیے خواتین ایس ایچ او کی اہمیت و ضرورت بڑھ جاتی ہے اس لیے کچھ مخصوص علاقوں میں خواتین ایس ایچ او کے ہونے سے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہونے کے ساتھ پولیس کا امیج بھی بہتر ہوتا ہے کیونکہ خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ حساس ہوتی ہیں۔ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی عمران یعقوب منہاس نے وضاحت کی کہ تھانیداروں کی تعیناتی اور تبادلے کے امور کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر پرکھا جائے گا جو کارکردگی دکھائے گا وہ ہی سسٹم میں رہ سکے گا ورنہ فارغ ہوگا۔