شہروں میں تعینات دیہی سندھ کا ڈومیسائل رکھنے والوں کی تفصیلات طلب

100

کراچی (رپورٹ: محمدانور) قومی احتساب بیورو نیب نے حکومت سندھ سے ایسے تمام محکموں کے تمام ملازمین کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے جو دیہی سندھ کا ڈومیسائل رکھنے کے باوجود شہری اضلاع میں تعینات ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو کو اطلاع ملی ہے کہ صوبہ سندھ کے مختلف محکموں کے گریڈ ایک تا 21 کے ایسے ہزاروں افسران و لوئر گریڈ کے ملازمین خلاف ضابطہ شہری علاقوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں جو دیہی اضلاع کے ڈومیسائل کے حامل ہیں اور ان کی بھرتیاں بھی رورل سندھ کے کوٹے پر ہوئیں تھیں تاہم اثر و رسوخ کے باعث ان کی تقرریاں شہری ڈومیسائل کراچی اور حیدرآباد کی اسامیوں پر کردی گئیں جس کی وجہ سے شہری علاقوں کا ڈومیسائل رکھنے والے افسران و ملازمین کی حق تلفی ہورہی ہے۔ اس اطلاع پر نیب نے سیکرٹری سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن سے ایسے تمام افسران و ملازمین کی تفصیلات طلب کرلیں ہیں جو دیہی اضلاع کا ڈومیسائل رکھتے ہیں مگر ان کی تعیناتی شہری اضلاع میں کی گئیں ہیں۔ خیال رہے کہ محکمہ پولیس، کالج ، بلدیات اور ایس یو جی ایس سی کے کم از کم ڈھائی ہزار افسران و ملازمین کراچی اور حیدرآباد کی اسامیوں پر خلاف قانون تعینات ہیں۔ نیب نے 10 مئی تک صوبائی حکام سے رپورٹ طلب کی ہے۔