آئی پی ایل کی منسوخی سے بھارتی کرکٹ بورڈ کو 2500 کروڑ تک نقصان کا خدشہ

788

نئی دہلی: کھلاڑیوں میں کورونا کیسز آنے کی وجہ سے منسوخ ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے باعث بھارتی کرکٹ بورڈ کو 2500 کروڑ بھارتی روپے تک نقصان کا خدشہ ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ آئی پی ایل کی منسوخی کی وجہ سے بی سی سی آئی کو براڈ کاسٹ اور سپانسر شپ کی مد میں 2000 سے 2500 کروڑ بھارتی روپے کا نقصان اٹھانا ہوگا۔خیال رہے کہ متعدد بھارتی کرکٹرز اور کوچنگ سٹاف کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث بی سی سی آئی نے گزشتہ روز آئی پی ایل غیر معینہ مدت کے لیے منسوخ کر دی تھی۔

52 روزہ اور 60 میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا فائنل 30 مئی کو کھیلا جانا تھا تاہم بائیور سیکیور ببل کے باوجود کورونا کیسز سامنے آنے کے باعث لیگ کے صرف 29 میچز ہی ممکن ہو سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی آئی پی ایل کے میچز کورونا وائرس کے باعث بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کرنے پڑے تھے جس کے باعث بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔