ماہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کا اُمت مسلمہ کیلیے تحفہ ہے

144

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے زرعی یونیورسٹی کے ناظم حافظ محمدافزازنے کہاکہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہواجوجہنم کی آگ سے نجات کا عشرہ ہے ۔لوگ اس عشرے میں خصوصی عبادات سمیت اپنی بخشش کیلیے دعائیں مانگتے ہیں ،نوجوان طلبہ اس آخری عشرہ میں اپنی نجات کے لیے اللہ تعالی کے سامنے گڑ گڑا کردعائیں مانگیں اورشب قدرکوتلاش کریں۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ کے اعمال میں سے ایک اہم عمل اعتکاف بھی ہے، رسول ﷺ ہر سال رمضان کے آخری عشرے کا اعتکاف کرتے تھے۔ اعتکاف کی حقیقت یہ ہے کہ بندہ ہر طرف سے یکسو ہو کر اور سب سے منقطع ہوکر بس اللہ تعالی سے لو لگاکے اس کے درپے یعنی مسجد کے کسی کونے میں پڑجائے، سب سے الگ تنہائی میں اس کی عبادت اور اس کے ذکر و فکر میں مشغول رہے، اس کو دھیان میں رکھے، اس کی تسبیح و تہلیل و تقدیس میں مشغول رہے، اس کے حضور توبہ و استغفار کرے، اپنے گناہوں اور کوتاہیوں پر روئے، اس کی رضا اور قرب چاہے اور اسی حال میں اس کے دن گزریں اور اس کی راتیں بسر ہوں۔انہوں نے کہاکہ پا کستان اللہ تعالیٰ کا وہ انعام ہے جو اس نے امت کو رمضان کے ماہ مبارک کی ستائیسویں رات کو عطا کیا تھا۔ جس طرح رمضان قرآن کا مہینہ ہے اسی طرح پاکستان قرآن کے نظام کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ ایک ملک ہے۔ ماہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کا اُمت مسلمہ کے لیے تحفہ ہے، اس ماہ مقدس میں نیکیوں کا اجر ستر گناہ تک بڑھا دیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے روزے فرض کرنے کا مقصد یہی ہے کہ انسان کے اندر تقویٰ پیدا ہواور وہ جھوٹ، فریب، دھوکا، دہی اور حق تلفی جیسی برائیوں سے بچ سکے۔