طالبان کی واپسی سے خواتین کے حقوق کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے‘ امریکی رپورٹ

191

واشنگٹن(آن لائن)امریکی تجزیہ کاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ افغانستان سے بیرونی افواج کے انخلا کے بعد اگر طالبان دوبارہ اقتدار میں آتے ہیں تو وہ خواتین کے ساتھ سخت سلوک اپنانے کی اپنی پالیسی پر دوبارہ عملدرآمد شروع کر سکتے ہیں۔ امریکی خفیہ ادارے ’’یو ایس نیشنل انٹیلی جنس کونسل‘‘ نے افغان خواتین کے حقوق سے متعلق اپنی تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ اگر طالبان نے ملک کا اقتدار دوبارہ حاصل کر لیا تو وہ گزشتہ 2 عشروں کے دوران ہونے والی پیش رفت کے بیشتر حصے کو پیچھے دھکیل دیں گے۔اس تازہ رپورٹ میں 1996ء سے 2001ء کے درمیان طالبان کے اس کے دور اقتدار میں خواتین اور بچیوں کے ساتھ ہونے والے سخت سلوک کا حوالہ دیا گیا ہے ،جب بیشتر خواتین کو گھروں کی چار دیواری تک محدود کر دیا گیا تھا اور بچیوں کو تعلیم تک رسائی بھی میسر نہیں تھی۔