پاکستان کو ماحولیاتی چیلنج کا سامنا ہے ، گورنراسٹیٹ بینک

351

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کی فنانسنگ وقت کی ضرورت ہے اور مالی اداروں کا اس شعبے میں بے حد اہم کردار ہے۔ وہ اسٹیٹ بینک اور یونی لیور کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقدہ ویبنار سے خطاب کررہے تھے جس کا مقصد اسٹیٹ بینک کی قابل تجدید توانائی فنانسنگ اسکیم کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا جسے یونی لیور نے اپنی 30 فیصد فیکٹریوں کو قابل تجدید توانائی میں تبدیل کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔ڈاکٹر باقر نے کہا کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں چیلنج کا سامنا ہے اور اس کی روک تھام کی حکمت عملیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے اس طرف توجہ دلائی کہ اسٹیٹ بینک نے قابل تجدید توانائی کے لیے فنانسنگ اسکیم جاری کی ہے تاکہ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو فروغ دیا جاسکے۔ گورنر باقر نے اسکیم کے کلیدی پہلو اجاگر کیے جو کارپوریٹس سے لے کر افراد تک مختلف متعلقہ فریقں کے لیے مفید ہوسکتے ہیں۔ یہ اسکیم وقت گذرنے کے ساتھ ارتقا پذیر ہوئی ہے اور اس کا بھرپور خیرمقدم کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر باقر نے شرکا پر زور دیا کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ فروری 2021ء تک تقریباً850میگاواٹ پیداوار کے 521منصوبوں کے لیے تقریباً36 ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وسائل کے کارگر اور پائیدار استعمال میں مالی وسائل لگانے کا عمل ماحولیاتی تبدیلی کو کم کرنے میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔