حکومت کا الیکشن ایکٹ 2017 میں تبدیلیاں کرنے کا اعلان

390

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات کیلئے الیکشن ایکٹ 2017میں 49 تبدیلیاں لائیں گے۔

بابر اعوان نے وفاقی وزیر برائے اطلاعات  فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  وزیر اعظم عمران خان نے الیکٹورل ریفارمز کا راستہ اپنایا ہے، انتخابی اصلاحات میں الیکشن ایکٹ کی 49 شقو ں میں ترمیم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ  پولنگ اسٹاف افسران پر اگر کسی کو اعتراض ہوگا تو وہ اسے 15 دن میں چیلنج کرسکے گا،انتخابی اصلاحات نہ ہوئی تو آئینی اداروں پر عدم اعتماد کا بحران پیدا ہوجائے گا۔

بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے انتخابی دھاندلی کا قصہ ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے پہلے دن ہی پارلیمانی کمیٹی بنادی تھی ۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اصل معاملہ انتخاب اور اس کے نتائج پر اعتماد کا ہے، ن لیگ نے کہا آر ٹی ایس بیٹھا اور دھاندلی ہوئی، ہم نے حلقوں کی نشاندہی کا کہا جو نہیں ہوئی، کراچی میں ہونے والے الیکشن میں بھی دھاندلی کا شور مچا ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  ن لیگ پیپلزپارٹی پر دھاندلی کا الزام لگارہی ہے تاہم عمران خان نے وزرات عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پارلیمنٹ میں پہلی تقریر کے دوران اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملاقات میں انتخابی اصلاحات کیلئے کمیشن بنانے پر آمادگی کا اظہار کیا اور انتخابی دھاندلی کا قصہ ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے پہلے دن ہی پارلیمانی کمیٹی بنادی تھی۔