وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کی افریقی اور برازیلی کورونا وائرس کی تصدیق

368

اسلام آباد: وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز نے ملک میں افریقی اور برازیلی کورونا وائرس کی اقسام رپورٹ ہونے کی تصدیق کر دی جبکہ نئی اقسام کے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے فلائٹ آپریشن محدود کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ افریقی اور برازیلی کورونا کی کنٹیکٹ ٹریسنگ شروع کر دی ہے لیکن وائرس کی قسم کوئی بھی ہو، ایس اوپیز پر عمل میں تحفظ ہے، ماسک پہننا یقینی بنائیں، گھر سے بلا ضرورت باہر مت نکلیں اور سماجی فیصلے کو عمل طور پر یقینی بنائیں۔

سندھ کی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو نے بھی تصدیق کی ہے کہ آغا خان یونیورسٹی کراچی میں لیے گئے نمونوں میں نئی اقسام کے کورونا وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔

خیال رہے برطانوی قسم تیزی سے پھیلتی ہے جبکہ جنوبی افریقا اور برازیلی اقسام کے وائرس سے اموات کی شرح بہت زیادہ ہے اور ویکسین کرانے کے باوجود وائرس کی یہ قسم شہریوں کو لگ سکتی ہے۔

دوسری جانب نئی اقسام کے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے فلائٹ آپریشن محدود کر دیا گیا ہے اور این سی او سی کی جانب سے قائم خصوصی کمیٹی بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں سے متعلق پالیسی پر عملدآمد یقینی بنانے کی پابند ہوگی۔

معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل کمیٹی کے سربراہ جبکہ بریگیڈیر احتشام الحق ڈائریکٹر آپریشنز ہوں گے۔

ضلعی انتظامیہ، ضلعی محکمہ صحت اور تمام ائرپورٹس مینیجر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے جبکہ وزارت صحت ہیلتھ پروٹوکول، اے ایس ایف اور ایف آئی اے انتظامی معاملات دیکھنے کی پابند ہوگی۔

واضح رہے ، وزیر صحت سندھ عذرا فضل پیچوہو کا کہنا ہے کہ آغا خان یونیورسٹی کراچی میں لیے گئے نمونوں میں نئی اقسام کے کورونا وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے جو زیادہ خطرناک ہے