دنیا کی کم عمر مائیکروسوفٹ پروفیشنل کون؟

575

کراچی: شہر قائد سے تعلق رکھنے والی ننھی طالبہ عریش فاطمہ نے دنیا کی سب سے کم عمر مائیکروسافٹ پروفیشنل ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا اور مائیکروسوفٹ پورفیشنل بن کر تاریخ رقم کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والی 4 سالہ عریش فاطمہ دنیا کی کم عمر ترین مائیکرو سافٹ پروفیشنل بن گئیں ہیں، عریش فاطمہ نے مائیکرو سافٹ کے پروفیشنل امتحان میں شرکت کی تھی اور مائیکروسوفٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل (ایم سی پی) کے امتحان میں 831 نمبر لے کر انوکھی مثال قائم کردی  ہے۔

رپورٹس کے مطابق مائیکرو سافٹ کے زیر اہتمام امتحان پاس کرنے کے لیے کم سے کم 700 پوائنٹس کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ ننھی عریش فاطمہ نے 831 پوائنٹس حاصل کر کے نیا کارنامہ انجام دیا ہے۔

خیال رہے عریش فاطمہ ان ذہین پاکستانیوں کی فہرست میں شامل ہو گئی ہے جنھوں نے کم عمری میں ایم سی پی کی سند حاصل کی ہے۔

عریش کے والدین کا کہنا ہے کہ جب عریش کے اندر انٹرنیٹ کے ذریعے نئی چیزیں سیکھنے کی صلاحیت سامنے آئی تو ہم نے ان کے تجسس کو دیکھ کر اسے کمپیوٹر سیکھنے کی جانب راغب کیا۔

واضح رہے عریش کے والد خود آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ ہیں اور انھوں نے اپنی بیٹی کی ذہانت اور دل چسپی کو دیکھتے ہوئے ان کو کمپیوٹر اسکلز سیکھنے میں بھرپور رہنمائی کی ہے۔

عریش نے مائیکروسافٹ ورڈ اور مائیکروسافٹ آفس چلانا لاک ڈاؤن کے دوران اپنے والد سے سیکھا، کورونا وبا کے دوران گھر پر رہنے کی وجہ سے عریش نے اس وقت کا بہترین استعمال کیا اور اچھی یادداشت کے باعث دونوں سافٹ ویئرز میں مہارت حاصل کی۔

عریش نے اپنی صلاحیت کی بنیاد پر مائیکروسافٹ امتحان میں کامیابی حاصل کی اور دنیا کی کم عمر ترین پروفیشنل بن گئیں جبکہ اپنی بہترین یادداشت کے باعث عریش فاطمہ کا کہنا ہے کہ وہ 6 سال کی عمر تک قرآن پاک حفظ کرنا چاہتی ہیں۔