بھارت: ٹویٹر کو حکومت مخالف پوسٹیں ہٹانے کا حکم، صارفین مشتعل

416

نئی دہلی: کورونا وبا پر بھارتی حکومت کی غیر سنجیدگی اور وبا سے نمٹنے پر حکومت کی ناکامی کو تنقید کا نشانہ بنانے پر بھارتی حکومت نے ٹویٹر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

بی بی سی کے مطابق ٹویٹر صارفین حکومت کے اس اقدام کو بُری نظر سے دیکھ رہے ہیں جس میں حکومت نے ٹویٹر سے ایسی پوسٹوں کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ہٹانے کا کہا ہے جس میں وبا سے نمٹنے میں حکومت کی غیر سنجیدگی اور اُس کی ناکامی کو واضح کیا گیا ہے۔

تنقیدی پوسٹوں کو ہٹانے کا حکم دینے کے بعد پورے ہندوستان میں ہزاروں صارفین مشتعل ہوگئے ہیں۔

ٹویٹر کے ایک ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ اس نے بھارتی حکومت کی جانب سے زور دینے پر ٹویٹر سے کچھ مواد کو ہٹادیا ہے۔ ٹویٹر نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ اس نے کون سا مواد ہٹایا ہے تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق اس میں مغربی بنگال کے ایک سیاستدان کا ٹویٹ شامل ہے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کو کورونا سے ہوئیں اموات کا براہ راست ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

ایک ٹویٹر صارف نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ ” کورونا مریضوں کیلئے آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنانے سے زیادہ ٹویٹس ہٹانا اہم ہے”۔