نجکاری کے نام پر ریلوے کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے ،پریم یونین

132

فیصل آباد (جسارت نیوز) ریلوے پریم یونین کے نومنتخب زونل عہدیدارن کی تقریب حلف برداری۔ مرکزی صدرشیخ محمدانور نے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والی تقریب میںحلف لیا۔ محمدآصف جاویدصدر،کاظم فاروق گل جنرل سیکرٹری ،ریاض حسین شاہ، احمد سعید باجوہ، نورالدین نائب صدر جبکہ میاں محمد طارق نے آرگنائزنگ سیکرٹری کا حلف اٹھایا۔اس موقع پر مرکزی رہنما خالد محمود چودھری، صدر لاہورڈویژن فیاض احمد شہزاداور دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر شیخ محمدانور نے کہا کہ فیصل آباد زون نے خالد محمود چودھری کی قیادت میں ریلوے ملازمین کی فلاح وبہبود کے لیے بے مثال کردار ادا کیا ہے، توقع ہے کہ نومنتخب ٹیم بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پریم یونین نے گزشتہ کئی دہائیوں سے حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں ریلوے ملازمین کی فلاح وبہبود اور حقوق کی جس جنگ کا آغاز کیا ہوا ہے اسے ختم نہیں ہونے دیا جائے گا، پریم یونین کے قائد حافظ سلمان بٹ کا مشن جاری رہے گا،کسی کوبھی ریل مزدور کی حق تلفی نہیں کرنے دی جائے گی ۔مزدور حقوق کی جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ وزراء صرف بیان بازی کر رہے ہیں،خالی وعدوں اور بیانات سے ریلوے بحال نہ ہوسکے گا، ریلوے کو بچانے کے لیے فوری طور پر بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے۔ کسی کو بھی نجکاری کے نام پر ریلوے کی لوٹ مار کی اجازت نہیں دیں گے۔ ملازمین میں پائی جانے والی تشویس کو دور نہ کیا گیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلوے میںسیاسی بنیادوں پر بھرتی کی بجائے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کا کوٹہ مقرر کیا جائے۔ گزشتہ دو برسوں سے ریلوے ملازمین کو ٹی اے اور گریجوٹی کی ادائیگی نہیں کی جارہی ہے جبکہ تعمیراتی فنڈز کے نام پر تنخواہوں سے پانچ فیصد ناجائز کٹوتی کی جارہی ہے،اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔ یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کا اعلان کیا جائے۔