کسانوں کا ایک سال کا آبیانہ معاف کیا جائے، کسان بورڈ

297

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) کسان بورڈ کے ضلعی صدر علی احمد گورایہ نے حالیہ بارشوں اور ژالہ باری سے تباہ ہونے والی گندم کی فصل کے کاشتکاروںکے لیے حکومت سے چھوٹے کسانوں کے لیے امدادی پیکج کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ کسانوں کی مالی مدد کے ساتھ ساتھ ان کاکم ازکم ایک سال کا آبیانہ بھی معاف کیا جائے۔بارشوں اور شدید آندھی نے گندم کی تیار فصل کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حالیہ بارشوں سے لاکھوں ایکڑ گندم کی فصل متاثر ہوئی، پنجاب میں رواں سال ایک کروڑ 64 لاکھ ایکڑ پر گندم کاشت ہوئی جبکہ پہلی بار 2کروڑ میٹرک ٹن پیداوار کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، لیکن بارشوں،آندھیوں اورژالہ باری کے بعد اب 1 کروڑ 95 لاکھ میٹرک ٹن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سال 2019-20ء میں ایک کروڑ 61 لاکھ ایکڑ پر گندم کاشت کی گئی جبکہ ایک کروڑ 92 لاکھ میٹرک ٹن پیداوار ہوئی تھی۔ 2019-20ء میں سال 2018-19ء کی نسبت 10 لاکھ ٹن زیادہ پیداوار ہوئی تھی۔ ژالہ باری سے کھڑی فصل گر گئی جس سے حکومت کو مقرر کردہ ہدف کو پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،اگر مزید بارشیں ہو گئیں تو فصل زیادہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔