کینیڈا نے پاکستان اور بھارت کی پروازوں پر پابندی عائد کردی

308

کراچی: کینیڈا نے پاکستان سمیت بھارت کے لیے ایک ماہ کیلیے فضائی آپریشن پر مکمل پابندی عائد کردی ہے جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے کینیڈا جانے والی اپنی تمام پروازیں کو منسوخ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے روک تھام کے لیے کینیڈا نے پاکستان سمیت بھارت کے لیے فضائی آپریشن معطل کردیا ہے جبکہ ایوی ایشن کے مطابق کینیڈین حکومت کے فیصلے کے تحت پابندی اگلے 30 روز کے لیے عائد کی گئی ہے۔

خیال رہے کینیڈا نے پاکستان اور بھارت سے پروازوں کی آمد پر 30 روز کی پابندی عائد کردی ہے اور اس سلسلے میں کینیڈا کی وزارت صحت نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی تمام کمرشل اور نجی پروازوں پر عائد ہوگی۔

وزارت کا کہناتھاکہ گزشتہ ایک ہفتے میں بھارت سے 35 پروازیں کینیڈا پہنچیں ہیں اور اس دوران کثیر تعداد میں کورونا مثبت افراد مختلف ممالک سے کینیڈا پہنچے ہیں، تاہم وزارت صحت نے وضاحت کی ہےکہ کینیڈا میں کورونا پھیلنے کا ذمہ دار چین یا بھارت نہیں ہے۔

پی آئی اے کو کینیڈین ایویشن اتھارٹی کا نوٹم بھی موصول ہوگیا ہے، پی آئی اے کے مطابق کینیڈین پابندی سے متعلق تفصیلات کا انتظار ہے جبکہ کینیڈین وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا ہے کہ پاکستان سے کارگو پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

دوسری جانب ترجمان قومی ایئر لائن کا کہناہےکہ کینیڈا کی جانب سے پاکستان سے جانے والی پروازوں پر پابندی کے باعث کینیڈا جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے ٹورنٹو میں پی آئی اے کا 16 رکنی کریو بھی پھنس گیا ہے ، 16 رکنی کاک پٹ اور کیبن کریو نے ہفتے کو کینیڈا سے پاکستان روانہ ہونا تھا۔