بیت المقدس : امارات خفیہ طور پر املاک خریدنے میں مصروف

281
مقبوضہ بیت المقدس: فلسطینی صحافی اپنے ساتھی کی رہائی کے لیے مظاہرہ کررہے ہیں‘ قابض صہیونی فوج مسلمانوں کو نمازِ جمعہ کے لیے مسجد اقصیٰ پہنچنے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ ملی بھگت کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں خفیہ طور پر فلسطینیوں سے املاک کی خریداری شروع کردی۔ بیت المقدس کے امور کے تجزیہ نگار مازن جعبری نے انکشاف کیا کہ بیت المقدس میں بعض ایجنٹ بیش قیمت املاک متحدہ عرب امارات کو فروخت کررہے ہیں اور امارات یہ املاک اسرائیل کو فراہم کر رہا ہے۔ جعبری کا کہنا تھا کہ قدیم بیت المقدس میں امارات نے کئی تجارتی املاک خریدنے کی کوشش کی، تاہم فلسطینی تنظیموں کی جانب سے مالکان کی تنبیہ کے بعد یہ سلسلہ موقوف ہوگیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی حکام نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں قبلان کے مقام پر فلسطینیوں کے 13 مکانات کی مسماری کا حکم جاری کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق صہیونی حکام نے سیکٹر سی میں مکانات کی تعمیر پرپابندی عائد کر دی ہے۔ ادھر قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں ایک صحافی سمیت 3فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج نے تلاشی کے دوران فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔ قابض فوج نے شہریوں کو زدو کوب کیا اور گھروں میں بچوں اور خواتین کو ہراساں کیا۔ رام اللہ میں قابض فوج نے صحافی علا ریماوی کو حراست میں لے کر ان کا موبائل فون اور لیپ ٹاپ بھی ضبط کرلیا۔