جلد عمران خان سے ملاقات ہو جائے گی: جہانگیرترین

393

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع ہو گئی۔

لاہور کی سیشن عدالت میں جہانگیر ترین اور علی ترین کے خلاف شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے کیس کی سماعت کی۔ جہانگیر ترین عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت میں جہانگیرترین اور علی ترین کے وکیل نے دلائل دیے۔ عدالت نے جہانگیر ترین اور علی ترین کے خلاف کیسز کی سماعت 3 مئی تک ملتوی کر دی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ میں نے اور عمران خان نے مشترکہ جدوجہد کی۔ عمران خان سے دیرینہ تعلق اور ایسا رشتہ ہے جو کمزورنہیں ہونا چاہیے۔ جلد ہی عمران خان سے ملاقات ہو جائے گی۔ عمران خان سے دیرینہ تعلق ہے۔

جہانگیرترین نے کہا کہ عدالت سے انصاف ضرور ملے گا۔ یہ کیس ایف آئی اے کا نہیں ہے۔ کوئی مدعی شیئر ہولڈرز نہیں سب مجھ سے خوش ہیں، میرا مقدمہ فوجداری نہیں۔ میرے خلاف بےبنیاد ایف آئی آرز بنائی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوا تو ن لیگ نے میرے کاروبار کی چھان بین کر کے نوٹس بھیجے۔ جب دوستوں کو بلایا جاتا ہے تو گروپ سے مشورہ کر کے جاتے ہیں۔

جہانگیرترین نے کہا کہ حکومتی کمیٹیوں کی خبر ٹی وی پر دیکھی۔ میں نے کہا حکومتی کمیٹی سے کوئی بات نہیں کریں گے۔