انڈونیشیا میں فوجی مشقوں کے دوران آبدوز لاپتہ

288

انڈونیشیا میں فوجی مشقوں کے دوران آبدوز لاپتہ ہوگئی۔ آبدوز میں درجنوں افراد موجود تھے۔

غیر ملکی ذرائع بلاغ کے مطابق انڈونیشیا نیوی کا کہنا ہے کہ آبدوز ” کے آر آئی نانگگلہ 402″ بالی کے شمال جزیرے میں فوجی مشقوں میں حصہ لے رہی تھی، آبدوز میں عملے کے 53 افراد موجود تھے۔

نیوی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مشقوں کے دوران آبدوز سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ آبدوز کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ آبدوز کی تلاش پر مامور ہیلی کاپٹر کو سمندر کی سطح پر تیل نظرآیا ہے۔ خیال ہے کہ سمندر کی سطح پر موجود تیل لاپتہ آبدوز کا ہے۔ ہوسکتا ہے تیل کا اخراج آبدوز کی باڈی کو نقصان پہنچنے کے بعد ہوا ہو۔

آبدوز کی تلاش کے لیے 6 جنگی بحری جہاز تعینات ہیں۔ تلاش کے لیے ایک ہیلی کاپٹر بھی سرچ آپریشن کا حصہ ہے۔

سنگاپور اور ملائیشیا نے آبدوز کی تلاش کے لیے ریسکیو بحری جہاز سمندر میں روانہ کردیے۔