چین نے ماحولیاتی تبدیلی سمٹ میں شرکت کی دعوت قبول کرلی

252

چین کے صدر شی جن پنگ امریکا میں ہونے والی ورچوئل ماحولیاتی تبدیلی سمٹ میں شریک ہوں گے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین کو امریکا کی جانب سے ورچوئل ماحولیاتی سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ صدر شی جن پنگ سمٹ میں آن لائن شرکت کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ صدر شی جن پنگ سمٹ میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اہم گفتگو کریں گے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے امریکا میں ہونے والی ورچوئل ماحولیاتی سمٹ میں 40 ممالک کے سربراہان کو شرکت کی دعوت دی ہے جن میں چین، روس اور پاکستان بھی شامل ہیں۔

18 اپریل: ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے امریکا، چین ایک ہوگئے

امریکا اور چین میں ماحولیاتی تبدیلی سے فوری طور پر نمٹنے کے لیےمل کر اقدامات اٹھانے پر اتفاق ہوگیا۔

چین کے نمائندہ خصوصی ماحولیاتی تبدیلی ژی ژنہوا اور امریکی ہم منصب جان کیری کی شنگھائی میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ایمیشن کو کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔

ملاقات کے بعد جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق امریکا اور چین دیگر ممالک کے ساتھ ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے رضا مند ہوگئے۔ ماحولیاتی بحران سے سنجیدگی اور فوری طور پر نمٹا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک سال 2020 میں پیرس معاہدے کے تحت دنیا کے درجہ حرارت کو محدود کے لیے ٹھوس اقدامات پر تبادلہ خیال جاری رکھیں گے۔

مزید کہا گیا کہ امریکا اور چین نے ترقی پذیر ممالک کو کاربن توانائی کم کرنے کے لیے مالی تعاون پر بھی اتفاق کرلیا۔

امریکی صدر جوبائیڈن رواں ہفتے ورچوئل ماحولیاتی سمٹ منعقد کرنے جا رہے ہیں جس میں ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے والے ممالک شریک ہوں گے۔