پنجاب ٹیچرز یونین اساتذہ کی حقیقی نمائندہ تنظیم ہے،مقررین

318

لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب ٹیچرز یونین لاہور کے اجلاس میں مرکزی صدر چودھری محمد سرفراز کو آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پاکستان کا صدر اور محترمہ نادیہ جمشید کو پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب کا نائب صدر نامزد ہونے پر مبارکباد دی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چودھری محمد علی، رانا لیاقت علی، ملک سجاد پروفیسر ندیم اشرفی، سلطان مجددی، میاں فاضل و دیگر نے کہا کہ چودھری محمد سرفراز نے اساتذہ و ملازمین کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔انہیں صوبہ پنجاب کی طرف سے آگیگا پاکستان کا صدر نامزد کیا جانا پنجاب ٹیچرز یونین اور اساتذہ و ملازمین کے لیے اعزاز کا باعث ہے اور محترمہ نادیہ جمشید خواتین اساتذہ کے مسائل کو اجاگر کرنے اور حل کروانے میں ممد و معاون ثابت ہوں گی۔ہم انہیں پنجاب ٹیچرز یونین میں خوش آمدید کہتے ہیں اور مرکزی نائب صدر بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔شرکا اجلاس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے محترمہ نادیہ جمشید کے کہا کہ پنجاب ٹیچرز یونین اساتذہ کی حقیقی نمائندہ تنظیم ہے ۔ جس کی وجہ سے اساتذہ کی تمام مراعات ملی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میری دیرینہ خواہش تھی کہ میں پنجاب ٹیچرز یونین کے پلیٹ فارم سے اساتذہ بالخصوص خواتین اساتذہ کی خدمت کروں ۔انہوں نے کہا کہ جو ذمے داری مرکزی صدر چودھری سرفراز کی طرف سے مجھے سونپی گئی ہے ان شاء اللہ احسن طریقے سے نبھائوں گی اور خواتین اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھر پور جد وجہد کروںگی۔آخر میں چودھری محمد سرفراز نے مبارکباد دینے والے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری مرکزی صدر آگیگا پاکستان نامزدگی کا سہرا اساتذہ پنجاب کو جاتا ہے جنہوں نے ہمیشہ مجھ پر اعتماد کیا ہے اور ان شاء اللہ پاکستان بھر کے ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھر پور جد وجہد کروں گا۔