مسجد الحرام میں خواتین سیکیورٹی اہلکار تعینات

427

ریاض: سعودی حکومت نے  مسجد الحرام میں خواتین سیکیورٹی اہلکاروں کو صحن مطاف میں  تعینات  کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے مطاف میں پہلی خاتون حج و عمرہ سیکیورٹی گارڈز کی تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کی ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خاتون گارڈ کی تصویر خوب وائرل  ہوگئی ہیں۔

یہ اقدام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے 2030 کے وژن کے اقدام پر عمل پیرا ہے، جس میں ایسی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں جن سے سعودی خواتین کو مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کی اجازت ہے۔

دو مقدس مساجد کے امور کے لئے جنرل پریذیڈنسی نے مکہ کی جامع مسجد میں خواتین زائرین کی خدمت کے لئے اپنے مختلف محکموں میں تقریبا 500 خواتین مقرر کیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ فروری میں سعودی وزارت دفاع نے اعلان کیا تھا کہ مملکت میں مرد اور خواتین اب اپنے یونیفائیڈ داخلہ پورٹل کے ذریعے فوج میں عہدوں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، خواتین کو فوجی، لانس کارپورلز، کارپورلز، سارجنٹ، اور اسٹاف سارجنٹ کے طور پر بھرتی کیا جاسکتا ہے۔