تحریک لبیک کے امیر سعد حسین رضوی کو جیل سے رہا کردیا گیا

360

حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ٹی ایل پی کے امیر سعد حسین رضوی کو رہا کردیا گیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق سعد حسین رضوی کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا۔ سعد حسین رضوی ریلی کی شکل میں لاہور کے یتیم خانہ چوک پہنچے گے جہاں ان کا خطاب متوقع ہے۔

ٹی ایل پی کے امیر سعد حسین رضوی کو 12 اپریل اسکیم موڑ چوک سے گرفتار کیا گیا تھا۔ سعد رضوی کو 16 اپریل کا احتجاج روکنے کے لیے حراست میں لیا گیا کیونکہ حکومت کے ساتھ ان کے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے اور فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق تحریک لبیک نے اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا تھا ۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے آج اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، مذاکرات کی کامیابی کے بعد ٹی ایل پی کی جانب سے مسجدرحمۃ للعالمین سمیت سارے ملک سے دھرنے ختم کیے جائیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کے جن لوگوں کے خلاف مقدمات درج ہیں، ان کا بھی اخراج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مزید تفصیلی بیان آج پریس کانفرنس کے ذریعے دوں گا۔

دوسری جانب حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کے بجائے آج سہ پہر کو 3 بجے طلب کرلیا ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق قرارداد پیش کرے گی۔