وزیر خارجہ کا برلن میں پاکستانی سفارت خانے کا دورہ

184

برلن (رپورٹ: مطیع اللہ خان) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برلن میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا، اس موقع پر جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل اور سفارتخانے کے عملے نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے سفارت خانے میں قائم کیے گئے “فٹ بال کارنر” کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی میں ہر سال 5 کروڑ فٹبال پاکستان سے درآمد کیے جاتے ہیں جبکہ جرمنی میں مقیم پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبے پر سفارت خانے میں کھولے گئے دفتر ’’عرضی نویسی‘‘ کا بھی افتتاح کیا۔ دورے کے موقع پر وزیر خارجہ نے قونصلر سیکشن سمیت سفارت خانے کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا ،وزیر خارجہ نے کہا کہ جرمنی میں مقیم ایک لاکھ سے زاید پاکستانی، مختلف شعبہ جات میں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہماری حکومت کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ میں مستقبل قریب میں جرمنی کو پاکستانی طلبہ کا مسکن سمجھتا ہوں،یوکے، امریکا، کینیڈا کے بعد پاکستانی طلبہ کا رحجان آسٹریلیا اور جرمنی بن رہا ہے، انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل کو جلد حل کرنے کے لیے میونخ میں نیا قونصل خانہ کھولنے جا رہے ہیں تاکہ جرمنی کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی روابط کو مزید بڑھایا جا سکے، جرمنی کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی روابط بڑھانے کے بہت سے مواقع موجود ہیں وزیر خارجہ نے کہا کہ معاشی سفارت کاری کے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں جرمنی کے ساتھ معاشی تعلقات میں نئے باب کا اضافہ،ہماری معاشی سفارتی مہم کے مثبت ثمرات کا عملی ثبوت ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں جاری پْرتشدد واقعات کے سوال پر کہاکہ بہت سارے عوامل موجود ہیں اس مسئلے کو بہتر انداز میں حل کیاجائے گا، تارکین وطن کی ملک بدری کے سوال پرانہوں نے کہاکہ حالیہ دورے کے دوران یہ دیگر مسائل کے ساتھ یہ بھی زیر غور رہا ہے امید ہے جلدتارکین کے مسائل حل ہونگے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جرمنی میں آئی ٹی سمیت دیگر شعبہ جات میں کافی مواقع موجود ہیں، وزیر خارجہ نے سفارت خانے میں رکھی ’’وزٹرز بک‘‘ میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔