امریکا: سیاہ فام کی ہلاکت پر کشیدگی برقرار‘کئی شہروں میں کرفیو

328
منیسوٹا: احتجاج میں شریک سیاہ فام نوجوان پر پولیس تشدد کررہی ہے

منیاپولیس (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر بروک لائن سینٹر میں پولیس کی فائرنگ سے سیاہ فام نوجوان کی ہلاکت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ دیگر شہروں میں بھی پھیل گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق بروک لائن سینٹر میں رات کے کرفیو کے باوجود مظاہرین سڑکوں پر نکلے اور پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوکر احتجاج کیا۔ دارالحکومت منیاپولس میں بھی سیکڑوں مظاہرین نے کئی مقامات پر جلاؤ گھیراؤ کرکے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس دوران پولیس نے شہریوں کومنتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور تشدد کیا۔ دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے مظاہرین کو پرامن رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کی ہلاکت کی تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کو لوٹ مار اور پرتشدد کارروائیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ یاد رہے کہ ریاست منی سوٹا کے شہر بروک لائن سینٹر میں اتوار کے روز پولیس اہل کار کی فائرنگ سے 20 سالہ ڈونٹے رائٹ ہلاک ہو گیا تھا۔