پنجاب میں ویکسین مراکز بڑھانے کا فیصلہ‘ ہر شہری کو بچائیں گے‘ بزدار

213

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے عوام کو مفت ویکسین لگانے کے سلسلے میں ویکسی نیشن مراکز کا دائرہ کار بتدریج بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت شہریوں کو مفت ویکسین لگانے کے لیے 10 لاکھ سے زائد خوراکیں خریدے گی اور پنجاب کے ہر شہری کو کورونا سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں کورونا کی صورتحال اور ویکسی نیشن کے عمل پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں کورونا ویکسی نیشن کے لیے مزید سینٹر زبھی قائم ہوں گے۔ پی کے ایل آئی میں ویکسی نیشن سینٹر فعال ہونے کے بعد لاہور میں ویکسی نیشن مراکز 3 ہو جائیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین خریدنے کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈز مختص کر رہے ہیں، پنجاب حکومت شہریوں کو مفت ویکسین لگانے کے لیے 10 لاکھ سے زائد ڈوز خریدے گی۔ پنجاب کے ہر شہری کو کورونا سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔ پنجاب کے زیادہ مثبت کیسز والے اضلاع میں تمام تر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کورونا سے مکمل نجات حاصل کرنے کے لیے عوام کا بھرپور تعاون بے حد ضروری ہے۔ محض ماسک کے استعمال سے کورونا وائرس سے بچاو ممکن ہے۔