یورپی یونین نے سول ایوی ایشن پر مزید ایک سال کی پابندی عایدکردی

185

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) یورپی یونین کی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پر فضائی حفاظتی اقدامات کو نظر انداز کیے جانے پر عاید کی گئی پابندی کو مزید ایک سال کے لیے بڑھا دیا ہے۔ ای اے ایس اے کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی سے فلائٹ اسٹینڈرڈ، ریگولیٹری، ائر ویری فیکیشن اور لائسنسنگ کے حوالے سے تفصیلی وضاحت طلب کی گئی۔ 12 صفحات پر مشتمل سوالنامے کا مقصد سول ایوی ایشن کو کیٹیگری 1 میں واپس لانا ہے۔ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کو جاری کیے گئے مراسلے میں سول ایوی ایشن کا اجازت نامہ مستقل بنیادوں پرمنسوخ کرنے کی تنبیہ بھی کی گئی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حفاظتی اقدامات پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا ہے جو کہ سی اے اے کی بین الاقوامی درجہ بندی میں تنزلی کا اشارہ ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین ائر سفیٹی ایجنسی، سول ایوی ایشن پر عاید عارضی پابندی کو مستقل کرنے پر بھی غور کر رہی ہے تاہم کورونا کی وجہ سے ہونے والی سفری پابندیوں اور غیر معمولی حالات کے پیش نظر فی الوقت سی اے اے کا اجازت نامہ منسوخ نہیں کیا جا رہا ہے۔