بھارت: ماؤ نواز باغیوں کے حملے میں 22 بھارتی فوجی ہلاک، متعدد زخمی

616

رائے پور: بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے حملوں میں کم از کم 22 بھارتی فوج ہلاک جبکہ 32 اہلکار زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بجاپور اور سکما کے جنگلات پرمشتمل ماؤ نواز باغیوں کے گڑھ سمجھے جانے والے علاقے میں باغیوں کے سرگرم رکن مادوی ہڈما کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا، جس میں 2 ہزار سے زائد بھارتی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نےحصہ لیا۔

اس دوران ماؤ نواز باغیوں کے حملوں میں متعدد اہلکار جاں بحق اور زخمی ہوگئے اور گزشتہ روز 5 اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی تھی تاہم آج بھارتی حکام نے جنگل سے مزید 17 بھارتی فوجیوں کی لاشیں برآمد کی ہیں۔

حکام کے مطابق ماؤ نواز باغیوں کے حملوں اور جھڑپوں میں کم از کم 22 اہلکار ہلاک اور 31 زخمی ہیں، جبکہ ایک اہلکار اب بھی لاپتہ ہے، حکام کے مطابق 31 زخمیوں میں سے 7 کو چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور منتقل کیا گیا ہے۔ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کے مزید دستے جونا گوڑا گاؤں میں پہنچ گئے۔

حکام نے بتایا کہ ماؤ نواز باغی بھارتی فوجیوں کا اسلحہ، بلٹ پروف جیکٹس اور جوتے بھی اتار کر فرار ہوگئے۔