دوسرا ون ڈے: جنوبی افریقا نے پاکستان کو جیت کیلئے 342 رنز کا ہدف دیدیا

295

جوہانسبرگ: تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو جیت کیلئے 342 رنز کا ہدف دیاہے۔

جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کوک اور ایڈن مارکرم نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 55 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

ایڈن مارکرم 39 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے، اس کے بعد ڈی کوک اور  ٹمبا باووما نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا،دونوں کے درمیان 114 رنز کی شراکت قائم ہوئی، اس موقع پر ڈی کوک 80 رنز بنا کرحارث رؤف کا شکار بن گئے،اس وقت جنوبی افریقا کا اسکور 169 تھا۔

اس کے بعد کپتان ٹیمبا باوما اور وین دیر ڈوسین نے 101 رنز کی شراکت قائم کی، وین دیر ڈوسین نے جارحانہ 60 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ ہوگئے، ڈیوڈ ملر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری بنائی جب کہ کپتان ٹیمبا نے 92 رنز بنائے جس کی بدولت جنوبی افریقا کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بناسکی۔

پاکستان کی جانب سے حارث روؤف نے 3 جب کہ شاہن آفریدی،محمد حسنین اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے ایک روزہ میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور پہلا میچ کھیلنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے۔