لوڈشیڈنگ میں اضافہ کے الیکٹرک کی نا اہلی کا ثبوت ہے، حافظ نعیم

521
جانوروں میں بیماری کے حوالے سے این سی او سی کا اجلاس طلب کیا جائے، حافظ نعیم

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ اہل کراچی پر ظلم اور کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کا ثبوت ہے۔

حافظ نعیم الرحمن  نے مسلسل شدید گرمی کے سخت موسم میں شہر بھر میں کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈشیڈنگ میں اچانک  اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گرمی میں اضافہ ہوتے ہی ہمیشہ کی طرح لوڈشیڈنگ دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک اور وفاقی حکومت کے گرمی میں لوشیڈنگ ختم کرنے کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں،نہ ہی بن قاسم پلانٹ تھری چل سکا اور نہ ہیNTDCسے اضافی بجلی مل سکی ، نیپرا طویل اور غیر اعلامیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے کر کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کرے۔

 حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ رمضان المبارک بھی قریب ہے اور اس ماہِ مبارک میں گرمی کا امکان ہے اگر لوڈشیڈنگ کی صورتحال یہ ہی رہی تو عوام نہ صرف سحر و افطار و تراویح بلکہ دن کے اوقات میں بھی روزے کی حالت میں وقت گزارنا مشکل ہو جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ یہ مطالبہ کرتی رہی ہے کہ وفاقی حکومت اور نیپرا کی ذمہ داری ہے کہ وہ کے الیکٹرک کو اپنی پیدواری صلاحیت میں اضافہ کرنے اور موجودہ تمام پاور پلانٹس کو گیس کے بجائے فرنس آئل پر پوری گنجائش کے ساتھ چلانے  کے لیے پابند کرے مگر بد قسمتی سے وفاقی حکومت اور نیپرا نے کے الیکٹرک کو اپنی کارکردگی بہتر کرنے اور صلاحیت بڑھانے کے لیے پابند کرنے کے بجائے ہمیشہ اس کی سرپرستی کی اور ہر سال غیر معمولی سبسڈی سے نوازا۔

حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے پہلے بھی نیشنل گرڈ سے ملنے والی بجلی پر انحصار کیا ہے اور آئندہ بھی وہ ایسا ہی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔