مقبوضہ کشمیر: تمام سرکاری عمارتوں پر ترنگا لہرانے کے احکامات

322

سری نگر(اے پی پی )مودی کی سربراہی میں قائم فسطائی بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو مکمل طورپر بھارتی رنگ میں رنگنے کے مذموم اقدامات کا سلسلہ بدستور جاری ہے، تازہ اقدام میں مقبوضہ علاقے کے تمام ضلعی افسران کو احکامات دیے ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ تمام سرکاری اداروں کی عمارتوں پر بھارتی جھنڈا لہرا یا جائے۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ کشمیر کی تمام سرکاری عمارتوں پر بھارتی جھنڈا لہرانے کے منصوبے کو کو15روز کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔دوسری جانب قابض بھارتی فورسز نے شمالی کشمیر کے ضلع سوپور میں تلاشی اور محاصرے کی نئی کارروائی کا آغاز کردیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز ، اسپیشل آپریشن گروپ اور سینٹرل ریزروپولیس فورس کے اہلکاروں نے سوپور کے گائوں مانی پورہ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی جہاں حال ہی میں حملے میں بی جے پی کے 2 کونسلر اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیاتھا۔