کراچی کیلیے منگوائے گئے 4 فائر ٹینڈروفاقی اداروں کے سپرد

278

کراچی ( رپورٹ: محمد انور ) وفاقی حکومت کی طرف سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے لیے چین سے منگوائے جانے والے 50 فائر ٹینڈرز میں سے 4 جدید گاڑیاں وفاقی اداروں کے حوالے کردی گئیں۔ اس بات کا انکشاف ذمے دار سرکاری ذرائع نے کیا ہے۔ ان ذرائع کے مطابق کم و بیش 20 سال کے بعد کراچی فائر بریگیڈ کے جدید چار فائر ٹینڈرز کراچی پورٹ ٹرسٹ اور وفاقی سیکورٹی کے ادارے کے حوالے کردیے گئے ہیں حالانکہ شہر میں آتشزدگی کے واقعات پر فوری قابو پانے کے لیے کم از کم 300 فائر ٹینڈرز کی ضرورت ہے جبکہ ابھی کے ایم سی کے پاس صرف 58 فائر ٹینڈرز ہیں۔ عالمی معیار کے مطابق کراچی کی 3 کروڑ کی آبادی کے لیے 300 فائر بریگیڈ اسٹیشن ہونے چاہییں جن میں ہر اسٹیشن میں 3 فائر ٹینڈرز اسٹینڈ بائی پوزیشن اور ہر اسٹیشن پر ایک شفٹ میں ایک فائر ٹینڈر کے لیے ڈرائیور سمیت 8 رکنی عملہ لازمی ہے لیکن عملے خصوصاً ڈرائیور نہ ہونے کی وجہ سے فائر فائٹنگ کے امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی ٹی ضرورت کے تحت اپنے فائر بریگیڈ آگ پر بھیجتی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ کے ایم سی کے لیے منگوائیں گئیں آگ بجھانے کی گاڑیاں بھی وفاقی اداروں کے سپرد کردی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کی صنعتوں میں آتشزدگی کے واقعات پر فوری قابو پانے کے لیے صنعتکاروں نے 8 فائر ٹینڈرز صنعتی ایسوسی ایشن کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا تھا جنہیں بلدیہ عظمٰی نے فائر ٹینڈرز پارک کرنے کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث دینے سے انکار کردیا ہے۔